![]() |
سرحد کے آر پار: ایک پنجاب، ایک ہی درد و پکار
آج کا کالم۔از پیر انتظار حسین مصور
حالیہ دنوں میں بھارتی پنجاب کی ودھان سبھا یعنی قانون ساز اسمبلی کے اندر ایک ایسا منظر دیکھنے کو ملا، جس نے سرحد کے دونوں اطراف بسنے والے کروڑوں پنجابیوں کے دل چھو لیے۔ خبر محض اتنی نہیں تھی کہ وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو لاہور میں ہونے والی "عالمی پنجابی کانفرنس" کا دعوتی خط موصول ہوا ہے، بلکہ اصل بات وہ تڑپ اور سچائی تھی جو اس دعوت کے جواب میں ان کے الفاظ سے چھلک رہی تھی۔ وزیراعلیٰ مان نے بڑی سادگی مگر گہرے فکری شکوے کے ساتھ کہا کہ ہماری جڑیں ایک ہیں، ہمارے مسائل ایک ہیں، میں لاہور جانا چاہتا ہوں لیکن دہلی مجھے جاپان اور فرانس جانے کی اجازت نہیں دیتا، وہ پاکستان جانے کیسے دے گا؟ اس پر مستزاد یہ کہ اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھواں نے مسکراتے ہوئے التجا کی کہ سردار صاحب اگر آپ کو اجازت مل جائے تو ہمیں بھی اپنے ساتھ لاہور لے چلیں۔ یہ محض سیاسی جملے بازی یا کوئی رسمی بیان نہیں تھا، بلکہ یہ اس درد کی ترجمانی تھی جو 1947 کے بعد سے بٹے ہوئے پنجاب کے سدا بہار زخموں سے رس رہا ہے۔
تاریخ شاہد ہے کہ جب 1947 میں تقسیم کی لکیریں کھینچی گئیں تو مٹی اور جغرافیہ کے ٹکڑے تو کر دیے گئے، مگر کیا پنجاب کا روحانی، ادبی اور صوفیانہ خمیر بانٹا جا سکا؟ ہرگز نہیں۔ بابا فرید گنج شکر کی مٹھاس، حضرت شاہ حسین یعنی مادھو لال حسین کی کافیوں کا سوز، سائیں بلھے شاہ کا رقصِ توحید، سائیں وارث شاہ کی فصاحت سے لبریز ہیر، اور سلطان العارفین حضرت سلطان باہو سرکار کے حق باہو کے صوفیانہ نعرے اور ابیات کسی سرحد کے پابند ہیں اور نہ ہی انہیں کسی لکیر میں قید کیا جا سکتا ہے۔
اس خطے کی حقیقی پہچان وہ عظیم صوفیاء اور مذہبی رہنما ہیں جن کے آستانوں پر بلا تفریقِ مذہب و ملت لوگ صدیوں سے سر جھکاتے آئے ہیں۔ حضرت بابا حاجی شیر محمد دیوان چاولی مشائخ کی مثال ہمارے سامنے ہے، جن کا نسبِ مطہر ہاشمی ہے اور جن کا سلسلۂ نسب حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عمِ گرامی حضرت عباس بن عبد المطلب رضی اللہ عنہ سے جا ملتا ہے۔ بحیثیتِ آلِ عباس، بنو ہاشم اور حضرت بابا حاجی شیر محمد شہید کی براہِ راست صلبی اولاد ہونے کے ناطے، ہمارے اسلاف اور جدِ امجد کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہم نے حق و صداقت کی خاطر میدانِ کارزار میں تلوار اٹھانے سے لے کر انسانیت کے لیے امن و سلامتی کے پرچم تلے پناہ دینے تک کا عظیم درس اور وراثت پائی ہے۔ لیکن ہمارے اسلاف کی یہ عظیم تاریخ اور پیغامِ امن کبھی ہماری کمزوری نہیں رہا، اور نہ ہی اسے کمزوری سمجھا جانا چاہیے۔ ہم ہمیشہ شر پسند عناصر، متعصب فکر اور نفرت پھیلانے والوں سے دور رہنے اور حق و سچ پر قائم رہنے کی تلقین کرتے ہیں۔
یہ وہی تابعی اور عباسی و ہاشمی وراثت کا حامل تاریخی دربارِ عالیہ ہے جہاں سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک جی نے اپنی سیاحتوں یعنی وداسیوں کے دوران حاضری دی، چلہ کشی کی اور طویل وقت عبادت میں گزارا۔ اس دربارِ عالیہ پر بابا گرو نانک جی کی بیٹھک اور چلہ گاہ آج بھی مرجعِ خلائق ہے، جو اس بات کی روشن دلیل ہے کہ پنجاب کی مٹی میں صوفیاء کے احترام اور روحانی وراثت کے نقش کس قدر گہرے ہیں۔
اسی تسلسل میں، میرے بڑے بھائی اور دربارِ عالیہ کے سجادہ نشین دیوان پیر طارق اویس ہاشمی نے بھی وزیراعلیٰ بھگونت مان کے بیان پر اپنے گہرے فکری ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے بجا فرمایا کہ اگر بھگونت مان کو نئی دہلی کی سرکار کی طرف سے لاہور آنے کی سرکاری اجازت نہیں مل رہی، تو بھی پنجاب کے روحانی اور ثقافتی راستے کبھی بند نہیں ہو سکتے۔ اگر وہ باضابطہ ویزے پر نہیں آ سکتے تو انہیں چاہیے کہ وہ بحیثیتِ زائر کرتارپور راہداری کے راستے آئیں اور اپنے سانجھے روحانی ورثے سے لو لگائیں، کیونکہ دہلی کی سیاست عقیدت کے راستے میں حائل نہیں ہو سکتی۔
وزیراعلیٰ بھگونت مان نے اسمبلی کے ایوان میں جن سانجھے مسائل کا ذکر کیا، وہ آج وقت کا سب سے بڑا سچ بن چکا ہے۔ لاہور سے لے کر امرتسر تک فضا کو آلودہ کرنے والی سموگ، زراعت کی زبوں حالی، پانی کے گرتے ہوئے لیول اور کسانوں کے مسائل دہلی یا اسلام آباد کے بند کمروں کے محتاج نہیں ہیں۔ ہوائیں اور بادل سرحدوں کا پاس نہیں رکھتے؛ جب چڑھدے پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلا کر فضا مکدر ہوتی ہے تو اس کا زہر لاہور کی فضاؤں میں گھلتا ہے، اور جب ہمارے ہاں صنعتی آلودگی بڑھتی ہے تو سرحد پار کا آسمان دھندلا جاتا ہے۔ جب مسائل اور آب و ہوا سانجھے ہیں تو ان کا حل الگ الگ نفرت کے ایوانوں میں کیسے ممکن ہے؟
مگر المیہ یہ ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور امن پسند مسلم ملک کا کردار ادا کرتے ہوئے ہر فورم پر امن و آشتی کا ہاتھ بڑھایا ہے—چاہے وہ مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ اور پرامن بات چیت کا ڈول ڈالنا ہو، کرتارپور راہداری جیسا تاریخی اور درخشندہ اقدام ہو، یا پھر سندھ طاس معاہدے کی پاسداری ہو۔ لیکن دوسری جانب بھارت کی ہٹ دھرمی، جنگی جنون اور متعصبانہ رویہ ہمیشہ امن کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہے۔ نئی دہلی کے پالیسی ساز اور وہاں کے شر پسند عناصر جب بھی دیکھتے ہیں کہ دونوں طرف کے عوام قریب آ رہے ہیں، وہ کوئی نہ کوئی نیا شر پھیلا کر فضا مکدر کر دیتے ہیں۔ کبھی جنگی دھمکیوں کے ذریعے، کبھی دہشت گردی اور ناپاک منصوبوں سے، اور کبھی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کے حربے استعمال کر کے دونوں طرف کے عوام کو ایک دوسرے سے دور کرنے کی سازش کی جاتی ہے۔
پاکستان کی طرف سے کرتارپور راہداری کا تحفہ دنیا پر یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ ہماری نیت میں صرف اور صرف انسانی احترام اور امن ہے۔ لاہور کی یہ عالمی پنجابی کانفرنس بھی اسی تاریخی تسلسل کی ایک کڑی تھی جہاں ثقافت کے ذریعے انسانی رشتوں کو جوڑنے کی کوشش کی گئی تھی۔ لیکن بھارت کو اب یہ بات اچھی طرح سمجھنی ہوگی کہ جنگی جنون، شر پسندی اور تعصب کے ذریعے تاریخ کے دھارے کو نہیں موڑا جا سکتا۔
سرحد پر لگی خاردار تاریں نقشوں پر لکیریں تو کھینچ سکتی ہیں، لیکن وہ بابائے فرید کی مٹھاس، حضرت شاہ حسین کے سوز، سائیں وارث شاہ کی ہیر، حضرت سلطان باہو سرکار کی حق باہو کی گونج، اور بابا حاجی شیر محمد شہید کے ہاشمی و عباسی آستانے کی صوفیانہ عظمت اور اسلامی تعلیمات کے نور کے سامنے حائل نہیں ہو سکتیں! لاہور کا بلاوا دراصل ہر اس بیدار مغز دل کی آواز ہے جو بھارتی تعصب کے مقابلے میں حق، سچ اور اسلام کے اعلیٰ صوفیانہ پیغامِ امن کا پرچم بلند رکھتا ہے۔
